نئی دہلی،16جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اشیااور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی)کے تحت ٹیکس کی قیمتیں طے کرنے والی جی ایس ٹی پریشد کی اس ہفتے کے آخر میں ہونے والی میٹنگ میں ٹیکس کیسلیبوں میں تبدیلی کاامکان ہے۔
جی ایس ٹی پریشد کی اگلی میٹنگ21جولائی کو ہونے والی ہے۔ فینانس وزیر مملکت شیو پرتاپ شکلا نے آج کہا کہ جی ہاں اگلی میٹنگ میں شرحوں کوہم آہنگ بنانے پر بھی غور کیا جائے گا۔
مسٹر شکلا نے کہا کہ ضرورت کے مطابق پریشد وقتاً فوقتاً قیمتوں کا جائزہ لیتی رہتی ہے۔ حکومت کا مقصد جی ایس ٹی کو آسان سےآسان بنانا اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ راحت دینا ہے۔جی ایس ٹی کے تحت اب چار ٹیکس سلیب ہیں۔ سب سے نچلا سلیب پانچ فیصد کا ہے جبکہ سب سے زیادہ سلیب 28 فیصد کا ہے۔ اس کے علاوہ دو دیگر سلیب 12 فیصد اور 18 فیصد کے ہیں جن میں زیادہ تر اشیاء اور خدمات کو رکھا گیا ہے۔بغیر برانڈ والے غذائی اجناس اور کچھ دوسرے ضروری مصنوعات کو ٹیکس میں چھوٹ دی گئی ہے جبکہ عیش و آرام والے اور صحت کے لئے نقصان دہ مصنوعات کو 28 فیصد کے سلیب میں رکھنے کے علاوہ ان پر اضافی چارج بھی لگایا گیا ہے۔
شروع سے ہی جی ایس ٹی میں سلیبوں کی تعداد کم کرنے کا مطالبہ زورپکڑرہا ہے۔ اس کے مخالفین کا کہنا ہے کہ بہت سے سلیب ہونے سے ’ایک ٹیکس‘کا مقصد پورا نہیں ہوتا۔